حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کی یاد میں سالانہ جلوس عزائے فاطمیہ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت حضرت آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے کی۔ یہ جلوس مرکزی دفتر نجف اشرف سے شروع ہو کر حرم حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوا، جہاں مجلس عزاء منعقد کی گئی۔
جلوس میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے علماء، اساتذہ، طلبہ اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس کے دوران شرکاء نے حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں ان کی جدہ ماجدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت پر پرسہ پیش کیا۔
عزائے فاطمیہ؛ اہل بیت علیہم السلام سے وفاداری کی تجدید
اس موقع پر حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے کہا کہ عزائے فاطمیہ کا احیاء، اہل بیت علیہم السلام سے وفاداری اور حقیقی اسلام محمدی کی تجدید کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے والد بزرگوار رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کے دفاع میں ناقابل بیان مصائب برداشت کیے اور عظیم قربانیاں پیش کیں۔
سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا تکامل انسانیت کی علامت
انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کے اس معیار کی مجسم تصویر ہیں، جسے انسان کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے خواتین کو دعوت دی کہ وہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو ایک مثالی بیٹی، بیوی اور ماں کے طور پر اپنائیں۔
عزائے فاطمیہ: مقدس شعائر کی حفاظت
حضرت آیت اللہ کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے جلوس کے حوالے سے کہا کہ یہ سالانہ جلوس ظلم اور دہشت گردی کی ہر شکل کے انکار اور براءت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ہونے والے مظالم درحقیقت اسلامی امت پر آنے والے تمام مصائب کی ابتدا تھے۔
وفا اور قربانی کا پیغام
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے مزید کہا کہ عزائے فاطمیہ اہل بیت علیہم السلام سے وفاداری اور محبت کا ایک مسلسل اعلان ہے۔ یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ حق و عدل کے لیے قربانیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جیسا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے والد کے دین کے دفاع میں قربانیاں پیش کیں۔
جلوس عزاء کا اختتام
یہ سالانہ جلوس عزاء حرم امیر المؤمنین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوا، جہاں مجلس عزاء برپا کی گئی۔ جلوس کے شرکاء نے حضرت علی علیہ السلام کی خدمت میں تعزیت اور پرسہ پیش کیا۔